بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 400 hadith
حضرت علیؓ بن ابی طالب نے بیان کیا کہ میری ایک کلائی ٹوٹ گئی۔ میں نے نبی ﷺ سے (اس بارے میں) پوچھا۔ آپؐ نے مجھے ارشاد فرمایا کہ میں پٹی پر مسح کر لوں۔
حضرت محمود بن ربیع ؓ سے روایت ہے کہ ان کو رسول اللہ ﷺ کا ایک ڈول میں سے جو ان کے کنویں سے بھرا تھا کلی کرنا اچھی طرح یاد ہے۔
حضرت ابو ہریرہ ؓ نے بیان کیا کہ میں نے نبی ﷺ کو دیکھا کہ آپؐ حضرت حسین بن علی ؓ کو اپنے کندھے پر اٹھائے ہوئے ہیں اور ان کا لعاب آپؐ پر بہہ رہا تھا۔
عبد الجبار بن وائل نے اپنے والد سے روایت کی ہے وہ کہتے ہیں کہ میں نے نبی ﷺ کو دیکھا کہ آپ کی خدمت میں ایک ڈول لایا گیا۔ آپؐ نے اس میں سے پانی لے کر کلی کی پھر اس میں مُشک یا اس مُشک سے بھی زیادہ خوشبو دار پانی کی کلی کی اور ناک ڈول سے باہر صاف کیا۔
عبد الرحمن بن ابی سعید خدریؓ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا عورت، عورت کا ستر نہ دیکھے اور نہ مرد، مرد کا ستر دیکھے۔
حضرت عائشہؓ بیان فرماتی ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کا ستر کبھی نہیں دیکھا۔
حضرت ابن عباس ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے غسلِ جنابت کیا۔ آپؐ نے جسم میں ایک جگہ دیکھی جہاں پانی نہیں پہنچا تھا۔ آپؐ نے اپنے (گیلے) بالوں کو لیا اور اس کو گیلا کردیا۔ ایک روایت میں (فَبَلَّھَا عَلَیْھَا کی بجائے) فَعَصَرَ شَعْرَہُ عَلَیْھَا کے الفاظ ہیں یعنی اپنے بالوں کو اس پر نچوڑا۔
حضرت علیؓ نے بیان فرمایا کہ ایک آدمی نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور اُس نے عرض کیا کہ میں نے غسلِ جنابت کیا اور نماز فجر ادا کی۔ پھر میں نے اپنے جسم پر ناخن کے برابر جگہ دیکھی جس تک پانی نہیں پہنچا تھا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اگر تو اپنا ہاتھ اُس جگہ پر پھیر لیتا تو تیرے لئے کافی ہو جاتا۔
حضرت انس ؓ سے روایت ہے کہ ایک آدمی نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور وضو کیا اور ناخن کے برابر جگہ چھوڑ دی، وہاں پانی نہیں پہنچا تھا۔ نبی ﷺ نے اُسے فرمایا واپس جاؤ اور اپنا وضو اچھی طرح کرو۔
حضرت عمر بن خطابؓ نے بیان فرمایا کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک آدمی کو دیکھا جس نے وضو کیا اور اپنے پاؤں میں ناخن کے برابر جگہ (خشک) چھوڑ دی۔ آپؐ نے اُسے ارشاد فرمایا کہ وہ وضو دوبارہ کرے اور نماز بھی۔ انہوں (حضرت عمرؓ) نے کہا وہ (وضو کے لئے) واپس گیا۔